
انجمن اتحاد ترقی میوات کا دستور
بسم اللہ الرحمن الرحیم
تمہید
قیام پاکستان کے وقت ہم بے سروسامانی کے عالم میں آئے۔ اور گزشتہ پچیس سالوں میں انفرادی طور پر اپنے مسائل حل کرنے میں مصروف رہے ، اب جبکہ مجموعی طور پر ہم انفرادی مسائل کو کسی حد تک حل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں، اس بات کی شدید ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ اجتماعی طور پر بھی ہمیں ملک وملت کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
علاقہ میوات میں بھی اس بات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی رہی تھی کہ تعلیمی، معاشی و معاشرتی شعبہ ہائے زندگی میں اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے لیکن قیام پاکستان کے بعد تو بالخصوص یہ بات نہایت اہم ہے کہ ہم تعلیمی، معاشی ومعاشرتی امور میں اجتماعی طور پر جدوجہد کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان اور ملت پاکستان کے لیے ہم ہر لحاظ سے دست و بازو ثابت ہوں، اور ملک وملت کی تعمیر وترقی میں ٹھوس کردار ادا کر سکیں۔
اس منزل مقصود کے یقین کے ساتھ ہم نے پاکستان میں علاقہ میوات سے آئے ہوئے تمام پاکستانی میواتیوں کی انجمن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ پمفلٹ انجمن کے اغراض و مقاصد اور دستور العمل پر مشتمل ہے۔
ہم ہر بالغ میواتی بھائی سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک وملت کی فلاح و بہبود کے پیش نظر اس تنظیم میں شامل ہو جائے۔
انجمن اتحاد و ترقی میوات پاکستان رجسٹرڈ۔ لاہور
۱۔ نام:۔
انجمن کا نام ”انجمن اتحاد و ترقی میوات پاکستان رجسٹرڈ“ ہوگا۔
۲۔ دائرۂ عمل:
۔انجمن کا دائرۂ عمل کل پاکستان ہوگا۔
۳۔ دفترَ:۔
انجمن کا مرکزی دفتر لاہور میں ہوگا۔
۴۔ نصب العین:۔
انجمن کا نصب العین اللہ کی رضا اور ملک وملت کی خدمت ہوگا۔
۵۔ اغراض و مقاصد:۔
(ا) امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی طرف قرآن پاک کی اس آیت کی روشنی میں بلانا:۔
اُدْعُ اِلٰی سَبِیْلِ رَبِّکَ بِالْحِکْمَۃِ وَالْمَوْعِظَۃِ الْحَسَنَۃِ وَجَادِلْھُمْ بِالَّتِیْ ھِیَ اَحْسَنُ
(اپنے رب کی طرف حکمت اور بہتر نصیحت کے ساتھ بلا اور اچھے طریقوں سے بحث و مباحثہ کر)
(ب) دینی و دنیوی تعلیم کو فروغ دینا۔
(ج) میواتیوں کی معاشرتی اصلاح اور بیجا رسومات و اسراف کا انسداد۔
(د) میواتیوں میں پاکستان کے استحکام و سالمیت کے لیے سرفروشانہ جذبہ پیدا کرنا اور ان کی فطری شجاعت کو ملکی دفاع کی خاطر بروئے کار لانا اور عملی سیاست سے بالاتر رہ کر ملک وملت کی خدمت کرنا۔
(ر) میواتیوں کی معاشی و اقتصادی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی جدوجہد کرنا۔
(س) زرعی ترقی کے لیے جدید طریقہ ہائے کاشت کی ترغیب دلانا۔ اور چھوٹے مالکان اراضی کے مابین اجتماعی کاشت کے اصولوں کو مقبول بنانا۔
(ش) میواتیوں میں اتحاد و اتفاق اور ایثار و اخوت کے جذبے کو فروغ دینا۔
(ل) تاریخ میوات کی ترتیب و تکمیل، میواتی شاعری و ادب اور ثقافت کا تحفظ و فروغ۔
(م) مستحق اور ذہین میواتی طلباء و طالبات کے لیے زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولتیں فراہم کرنا اور وظائف و قرضِ حسنہ کا انتظام کرنا۔
(ن) مرکزی مقامات بالخصوص لاہور میں پنچایت گھروں اور دارالاقامت برائے طلباء و طالبات کا قیام۔
۶۔ رکنیت
ہر عاقل بالغ میواتی جو پاکستان کا شہری ہو اور انجمن کے دستور سے اتفاق رکھتا ہو ممبر بن سکتا ہے بشرطیکہ:
(ا) فیس ممبری ۲۵ پیسے اور ایک روپیہ چندہ سالانہ انجمن کو ادا کرے۔
(ب) یکمشت ایک سو روپیہ ادا کرنے والا لائف ممبر ہوگا۔
(ج) سرپرست: یکمشت مبلغ پانچ سو یا زائد روپیہ بطور عطیہ ادا کرنے والے اراکین جو انجمن کی کارکردگی میں ممد و معاون ہوں سرپرست ہوں گے۔
۷۔ اخراج از رکنیت
جو رکن مسلسل دو سال تک چندہ باوجود یاد دہانی ادا نہ کرے اسے رکنیت سے خارج کیا جا سکے گا۔
۸۔ ہیئت تنظیمی
(ا) مقامی انجمن
(ب) ضلعی انجمن
(ج) مرکزی انجمن
۹۔ تشکیل انجمن
(ا) مقامی انجمن: صدر / نائب صدر / سیکرٹری / خزانچی
(ب) ضلعی انجمن:
صدر / نائب صدر زائد از ایک / سیکرٹری / جوائنٹ سیکرٹری زائد از ایک / خزانچی / نائب خزانچی زائد از ایک ضلعی مجلس انتظامیہ کم از کم گیارہ ممبروں پر مشتمل ہوگی۔ عہدیداران بر بنائے عہدہ اس کے ممبر ہوں گے اور ماہرین پر مشتمل سب کمیٹیاں حسب ضرورت بنائی جا سکیں گی۔
(ج) مرکزی انجمن:
صدر / نائب صدر زائد از ایک / سیکرٹری جنرل / جوائنٹ سیکرٹری زائد از ایک / سیکرٹری فنانس / اسسٹنٹ سیکرٹری فنانس زائد از ایک / پروپیگنڈہ سیکرٹری / سیکرٹری تعلیم زائد از ایک مرکزی مجلس انتظامیہ کم از کم پچیس ممبروں پر مشتمل ہوگی۔ عہدیداران بر بنائے عہدہ اس کے ممبر ہوں گے اور ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں حسب ضرورت بنائی جا سکیں گی۔
۱۰۔ انتخابات
(۵) شرائط امیدوار
| عہدہ | صدر | سیکرٹری جنرل | سیکرٹری فنانس | پروپیگنڈہ سیکرٹری |
| ا: عمر | ۴۰ سال | ۳۰ سال | ۳۰ سال | ۲۰ سال |
| ب: تعلیم | میٹرک | میٹرک | میٹرک | میٹرک |
ج: تاریخ انتخاب سے کم از کم ایک سال پہلے انجمن کا ممبر بنا ہو۔ لیکن سیکرٹری فنانس کے عہدہ کا امیدوار تاریخ انتخاب سے کم از کم دو سال پہلے ممبر بنا ہو۔
د: کسی اخلاقی جرم میں سزا یافتہ نہ ہو۔
ک: صدارت کا امیدوار لائف ممبر ہونا چاہیئے۔
حلقۂ انتخاب
بنیادی یونٹ:
ہر نشو ممبران انجمن اپنا ایک نمائندہ مقرر کریں گے اس طرح کم از کم دس نمائندوں پر مشتمل ایک بنیادی یونٹ بنے گا۔ جو لوکل کونسل کہلائے گا۔ ان نمائندوں میں سے لوکل عہدہ دار چنے جائیں گے۔
۱۔ ہر لوکل کونسل ضلعی انتظامیہ کے لئے اپنا ایک نمائندہ مقرر کرے گی جو کونسلر کہلائے گا۔
۲۔ یہ کونسلر مل کر ضلعی انتظامیہ تشکیل دیں گے اور اپنا ضلعی صدر، سیکرٹری اور خزانچی منتخب کریں گے۔
تمام اضلاع کے کونسلر اور لائف ممبر بشرطیکہ وہ چھ ماہ پہلے لائف ممبر بنے ہوں، مرکزی عہدہ داران کا حلقۂ انتخاب ہوگا یعنی یہ کونسلر کثرت رائے سے مرکز میں صدر، سیکرٹری جنرل، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری نشر و اشاعت کا انتخاب کریں گے۔ جن عہدوں کی تعداد زائد از ایک ہے ان کے لیے انتخاب نہیں ہوگا، بلکہ نو منتخب انتظامیہ اپنی صوابدید پر موزوں اشخاص کا تقرر کر سکے گی۔
(ب) طریقۂ انتخاب
۱۔ عہدہ داران کا انتخاب تین سال کے لئے ہوگا۔
۲۔ انتخابی کے موقعے پر مرکزی انتظامیہ ایک الیکشن کمیٹی مقرر کرے گی جس میں کم از کم تین ممبر ہوں گے اور الیکشن کمیٹی ممبران نہ خود الیکشن لڑ سکیں گے اور نہ ہی کسی امیدوار کی حمایت کریں گے۔ الیکشن کمیٹی کا کنوینر ایسا شخص مقرر کیا جائے گا، جو انجمن کا فعال رکن ہو۔ انتظامیہ کے سالانہ اجلاسوں میں کثرت سے شریک رہا ہو۔ اور اس کی طہیر جانفداری مسلمہ ہو۔
۳۔ الیکشن کمیٹی انتخابات کا اعلان بذریعہ اخبار اشتہار کم از کم ایک ماہ پہلے کرے گی۔ جس میں وقت اور جگہ کا واضح اعلان ہوگا۔
۴۔ انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کم از کم پندرہ دن پہلے تحریری طور پر کمیٹی کو باضابطہ طور پر مطلع کریں گے کہ وہ کس عہدہ کا انتخاب لڑنا چاہتے ہیں اور یہ کہ وہ اس عہدہ کا انتخاب لڑنے کے اہل ہیں۔ ہر عہدہ کا امیدوار حسب ذیل شرح سے سیکیورٹی جمع کرائے گا۔
۱۔ صدر: ۱۰۰۰/۔ روپے
۲۔ سیکرٹری جنرل: ۵۰۰/۔ روپے
۳۔ سیکرٹری فنانس: ۵۰۰/۔ روپے
۴۔ سیکرٹری نشر و اشاعت: ۳۰۰/۔ روپے
یہ سیکیورٹی انجمن کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ اور ناقابل واپسی ہوگی۔ البتہ جو امیدوار میعاد مقررہ تک اپنا نام واپس لے گا وہ اپنی سیکیورٹی واپس لے سکے گا۔
۵۔ الیکشن کمیٹی جانچ پڑتال کے بعد ہر عہدہ کے لئے انتخاب لڑنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان تاریخ انتخاب سے کم از کم دس دن پہلے کرے گی۔
۶۔ اس اعلان کے بعد تین دن کے اندر اندر امیدوار اپنا نام واپس لے سکے گا۔
۷۔ جو امیدوار مقابلے کیلئے رہ جائیں گے، انہیں الیکشن کمیٹی انتخابی نشان الاٹ کرے گی۔
۸۔ ہر عہدہ داران کا انتخاب بذریعہ بیلٹ پیپر ہوگا۔ جو خفیہ ہوگا۔
۹۔ بیلٹ پیپر الیکشن کمیٹی مہیا کرے گی جس پر تمام امیدواروں کے نام اور انتخابی نشان درج ہوں گے۔
۱۰۔ جس جگہ پر بیلٹ بکس ہوگا ۔ اس کی نگرانی الیکشن کمیٹی کے مقرر کردہ افراد کریں گے اور غیر متعلقہ افراد وہاں نہیں جا سکیں گے۔
۱۱۔ ووٹوں کی گنتی، الیکشن ختم ہونے کے فوراً بعد ہوگی اور اس کے نتائج کا اعلان اسی دن حاضر آرا دہندگان کی موجودگی میں کر دیا جائے گا۔ اور الیکشن کمیٹی پریس ریلیز کے ذریعے بھی اس کا اعلان کرے گی۔
۱۲۔ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد پندرہ روز کے اندر نئے عہدہ داران اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، اور سابقہ انتظامیہ انجمن کا چارج نئے عہدہ داران کے سپرد کرے گی۔ ساتھ ہی الیکشن کمیٹی اپنا تمام ریکارڈ انتظامیہ کے سپرد کرے گی اور خود بخود ختم تصور ہوگی۔
۱۳۔ نئی انتظامیہ الیکشن اپیل بورڈ مقرر کرے گی جس کے دو ممبر ہوں گے۔ یہ بورڈ الیکشن اعتراضات کی سماعت کرے گا۔ اور اس کا فیصلہ آخری ہوگا۔ جسے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔
(ج) جملہ عہدیداران و ممبران مجلس انتظامیہ منتخب ہونے کے بعد اپنے اپنے عہدے کا حلف مطابق جدول نمبر ۲۔ اٹھائیں گے۔
(د) قبل از آئندہ انتخابات کوئی عہدہ کسی بناء پر خالی ہو جانے کی صورت میں نئے عہدہ دار کے انتخاب تک مجلس انتظامیہ عارضی طور پر کسی بھی رکن انتظامیہ کو اس عہدہ کے لیے منتخب کر سکتی ہے۔ مگر نئے عہدہ دار کا انتخاب بذریعہ اجلاس عام اندر تین ماہ ہونا لازمی ہے۔
۱۱۔ فرائض عہدہ داران
(ا) صدر:
اجلاس عام، خاص اور ہنگامی کی صدارت کرنا، نظم و ضبط برقرار رکھنا۔ اجلاس حسب ضرورت طلب کرنا۔ انجمن کے حقوق اور عہدہ داران و ماہرین پر مشتمل کمیٹیوں کے کام کی نگرانی کرنا۔ عہدہ داران کو مصروف عمل رکھنا۔ دستور انجمن کے شعبہ جات متعلقہ کی کارکردگی کی نگہداشت کرنا۔ انجمن کے اغراض و مقاصد کے لیے ہمہ گیر اور حسب ضرورت ہدایات مرتب کرنا۔ انجمن کے ہر قسم کے باہمی تنازعات کا فیصلہ کرنا۔
(ب) نائب صدر:
صدر کی عدم موجودگی میں اس کے جملہ فرائض سرانجام دے گا اور صدر کا معاون ہوگا۔
(ج) سیکرٹری جنرل:
صدر کے حکم کے مطابق اجلاس کا ایجنڈہ جاری کرنا۔ جملہ دفتری کام کی تکمیل و نگہداشت کرنا۔ ممبران انجمن کا رجسٹر تیار کرنا۔ کارروائی اجلاس ہائے انجمن کو ضبط تحریر میں لا کر اس کی معقول نشر و اشاعت کا انتظام کرنا۔ صدر کو انجمن کے مکمل و تازہ ترین حالات سے آگاہ رکھنا۔
(د) جوائنٹ سیکرٹری:
سیکرٹری جنرل کا معاون ہوگا۔ اس کی عدم موجودگی میں اس کے جملہ فرائض سرانجام دے گا۔
(ر) سیکرٹری فنانس:
انجمن کے سرمایہ کا مکمل حساب آمد و خرچ رکھنا، جو رسیدات مرکزی دفتر سے جاری ہوں ان کا مکمل ریکارڈ رکھنا۔ انجمن کے سرمایہ نقدی کو بینک اسٹیٹ اولڈ بینک) منظور کردہ انجمن میں جمع کرانا۔ مقامی اور ضلعی انجمنوں کے خزانچیوں کے حساب وکتاب کی پڑتال کرنا۔ اور سالانہ بجٹ تیار کر کے برائے منظوری مجلس انتظامیہ میں پیش کرنا۔ فوری ضرورت کے لیے مجلس انتظامیہ کی منظور کردہ متعینہ رقم اپنے پاس رکھ سکتا ہے۔
(س) اسسٹنٹ سیکرٹری فنانس:
سیکرٹری فنانس کی عدم موجودگی میں اس کے جملہ فرائض سرانجام دے گا۔ نیز مالی امور میں سیکرٹری فنانس کا ممد و معاون ہوگا۔
۱۵۔ بجٹ
(ا) سیکرٹری فنانس انجمن سالانہ بجٹ تیار کرے گا اور اسے مجلس انتظامیہ کے اجلاس میں منظور کرائے گا جملہ اخراجات بجٹ کے مطابق ہوں گے اور سالانہ گوشوارہ آمد و خرچ کی اشاعت انجمن کے جریدے میں ہوگی۔
(ب) مجلس انتظامیہ کے منظور کردہ اخراجات کے علاوہ انجمن کے مفاد میں ہنگامی یا فوری ضروریات کے لیے دورانِ ماہ آئندہ اجلاس ہونے تک صدر انجمن کو مبلغ ۱۰۰/۔ روپے (ایک سو روپے) اور سیکرٹری جنرل کو ۵۰/۔ روپے (پچاس روپے صرف خرچ کرنے کا اختیار ہوگا جس کی آئندہ اجلاس مجلس انتظامیہ میں توثیق کرانی ہوگی۔
۱۶۔ آڈٹ
انجمن کے جملہ حسابات کی سالانہ پڑتال بذریعہ منظور شدہ آڈیٹر ہوا کرے گی۔ اور رپورٹ پڑتال حسابات مجلس انتظامیہ کے اجلاس خاص میں پیش کی جایا کرے گی۔ اور انجمن کے جریدے کے ذریعہ برائے اطلاع عام شائع کی جایا کرے گی۔
۱۷۔ کورم
اجلاس عام اور مجلس انتظامیہ کے ممبران کا ایک تہائی کورم ہوگا۔ ملتوی شدہ اجلاس کے بعد دوسرے اجلاس کے لیے کسی کورم کی ضرورت نہ ہوگی۔
۱۸۔ ترمیم دستور
انجمن کے دستور میں ترمیم اجلاس عام کے حاضر ممبران مطابق کورم کی دو تہائی اکثریت سے ہو سکے گی۔
جدول نمبر (۱) زیر ضمن (۶)
فارم رکنیت
میں ——————————– ولد ——————————–
سکنہ —————————————————————-
بقائمی ہوش و حواس اقرار کرتا/کرتی ہوں کہ میں نے انجمن اتحاد و ترقی میوات پاکستان رجسٹرڈ لاہور کا دستور اچھی طرح پڑھ/سن اور سمجھ لیا ہے۔ میں اس سے پوری طرح متفق ہوں۔ اور برضا و رغبت خود اس کی رکنیت قبول کرتا/کرتی ہوں۔
دستخط یا نشان انگوٹھا ——————————–
رکن / لائف ممبر / سرپرست
تاریخ: ————————
دستخط فیس ممبری و چندہ وصول کنندہ: ————————
دستخط سیکرٹری جنرل: ————————
نمبر شمار رجسٹر ممبران: ————————
جدول نمبر (۲) زیر ضمن (۱۰) (ج)
حلف نامہ
میں ——————————– ولد ——————————–
بحیثیت —————- اللہ تعالیٰ جل شانہٗ کو حاضر و ناظر سمجھتے ہوئے اقرار کرتا/کرتی ہوں کہ پاکستان کا ہمیشہ خیر خواہ رہوں گا/رہوں گی اور انجمن اتحاد و ترقی میوات پاکستان رجسٹرڈ لاہور کے دستور کی پابندی کرتے ہوئے ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی پر خلوص سعی کروں گا/کروں گی جو انجمن کی طرف سے مجھ پر عائد ہوتی ہیں یا آئندہ عائد ہوں گی۔ نیز میں حلفاً اقرار کرتا/کرتی ہوں کہ انجمن کے وسائل کو ذاتی اغراض کے لیے استعمال نہیں کروں گا/کروں گی۔
دستخط عہدیدار / ممبر مجلس انتظامیہ ——————————–
دستخط صدر: ——————————–
ری کمپوزنگ۔
سعد ورچوئل سکلز پاکستان
03238537640
