مکتوب بھارت بسلسلہ علاج
از۔ حکیم المیوات قاری محمد یونس شاہد میو
السلام علیکم و رحمہ الله و برکاتہ
امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔
میں محمد عابد ندوی، عائشہ سلمہا کا والد کافی عرصہ سے آپ سے رابطہ نہ ہوسکا۔
الحمد للہ خیریت سے ہوں اور سعودی عرب میں تقریبا 32 سال رہ کر فائنل ایگزٹ پر حیدرآباد واپس آچکا ہوں۔تقریبا ڈیڑھ پونے دو سال پہلے آپ کے مشورے سے کچھ عرصہ اونٹنی کے دودھ میں زعفران ڈال کر پیتا رہا پھر گذشتہ سال چھٹی کے دوران آپ کی تجویز کردہ دوا استعمال کی الحمد للہ فائدہ بھی محسوس ہوا ؛سعودی عرب میں رہتے ہوئے مصروفیات کے باعث تسلسل نہ رہ سکا؛ اب چونکہ مستقل وطن آچکا اس لئے ارادہ ہے کہ علاج کی طرف خصوصی توجہ دوں۔بنیادی طور پر تین چار مسئلے ہیں،اختصار کے ساتھ ذکر کرتا ہوں۔
1-میری عمر تقریبا 62 سال مکمل ہونے والے ہیں۔جولائی 1964 کی پیدائش ہے۔تقریبا 25 سال سے شوگر ہے، شروع ہی انگریزی دوا کھاتا ہوں گذشتہ چند سالوں میں شوگر بہت بڑھی ہوئی تھی۔کچھ عرصہ سے کھانے پینے میں احتیاط اور خصوصی توجہ کے باعث الحمد للہ اب بہت فرق ہے، انگریزی دوا بھی میں نے کچھ کم کی ہے۔
میرا موجودہ HbA1c %9•3 ہے جو کہ چند ماہ قبل 14% تک پہنچ گیا تھا۔اس سلسلے میں کوئی مفید مشورہ اور نسخہ۔
2- الرجی کی شکایت بھی کئی سالوں سے تھی، وقتا فوقتا شدید کھجلاہٹ ہوتی خاص طور پر ہتھیلی، پیر اور رانوں میں۔کئی سالوں سے الرجی کی گولی کھاتا ہوں۔گذشتہ سال آپ نے اس کے لئے الوویرا تجویز کیا تھا لگ بھگ چار پانچ ماہ میں نے استعمال کیا، الحمد للہ بہت فائدہ ہوا لیکن ابھی یہ مسئلہ مکمل ختم نہیں ہوا الرجی کی گولی اب بھی کھاتا ہوں البتہ روزانہ نہیں ایک دن کبھی دو دن چھوڑ کر کھانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ الوویرا کا انتظام کرکے اسے دوبارہ شروع کروں گا ان شاء اللہ۔
مزید کوئی تجویز؟
3- مثانے کی کمزوری اور پیشاب کے قطرات کے سلسلے میں بھی آپ نے جو نسخہ تجویز کیا تھا الحمد للہ اس سے بھی فائدہ ہوا لیکن ابھی یہ مسئلہ بھی باقی ہے اور یہ شکایت بہت پرانی ہے تقریبا بیس سال کی عمر سے۔
4- آج کل جو سب سے زیادہ تکلیف دہ مسئلہ ہے وہ گھٹنوں کے درد اور پٹھوں کی کمزوری کا ہے۔تقریبا بارہ سال پہلے مجھے گھٹنوں میں درد شروع ہوا وقتا فوقتا انگریزی دوا بھی کھایا۔
تقریبا دو سال سے درد زیادہ ہے۔سیدھے پیر میں زیادہ درد رہتا ہے بائیں گھٹنے میں معمولی۔
خاص طور پر سیڑھیاں چڑھنے میں اسی طرح کچھ دیر بیٹھنے کے بعد اٹھتے وقت سیدھے پیر پر کھڑا نہیں ہوا جاتا، چند سیکنڈ یا کچھ منٹ تک آہستہ آہستہ حرکت دینے کے بعد چلنا ممکن ہوتا ہے۔اسی طرح درد کے باعث صاف محسوس ہوتا ہے کہ لنگڑا کر چل رہا ہوں۔زیادہ دور چلنا تو آج کل تقریبا ناممکن ہی لگتا ہے۔اسی وجہ سے تقریبا دوسال سے میری واکنگ چھوٹ گئی جو کہ شوگر کے باعث تقریبا بیس سال سے میرا معمول تھا۔
اسی طرح روزانہ تو نہیں بلکہ کبھی کبھار پیروں میں پنجوں سے لےکر اوپر رانوں تک شدید تکلیف اور اینٹھن رہتی ہے۔یہ شاید پٹھوں کی،اعصاب کی کمزوری ہے۔
بہرحال جو مناسب نسخہ ہو تجویز فرماکر بیٹی عائشہ سلمہا کو بھیج دیں۔اسی طرح میرے لئے کوئی چیز پھل فروٹ،یا کوئی خاص سبزی وغیرہ غذا میں شامل کرنا زیادہ فائدہ مند ہو تو اس سے بھی مطلع فرمائیں۔
دعاؤں کی بھی خصوصی گزارش۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
بحمد اللہ ہر طرح عافیت ہے۔
حضرت جی !
آپ کی صحت کا سن کر اچھا لگا۔اللہ صحت مند لمبی زندگی نصیب فرمائے۔آمین
آ پ کا قارورہ اس وقت شدید اعصابیت کا حامل ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے شوگر کی ادویات سے موجودہ علامات رونما ہوئی ہیں۔۔شوگر والی اودیات انسانی جسم سے صالح (ضروری)رطوبات کو ختم کرتی ہیں ۔ بہتر ہے آپ عضلاتی پھلوں کے ساتھ موسمی پھلوں کا استعمال رکھیں۔
دوا سے بہتر آپ موسمی سبزیاں اور پھلوں کا استعمال بہتر معلوم ہوتا ہے۔اس وقت آن ۔آڑو،کا شیک بناکر پینا بہتر رہے گا۔اس میں کچھ مقدار کیلا بھی ملا سکتے ہیں ۔
سبزیوں میں کریلا۔چقندر۔۔اروی۔ٹماٹر خشک کرکے محفوظ کرلیں ۔ہر خوراک کے بعد بقدر ضرورت کھالیا کریں۔
آپ ہندستان پہنچ چکے ہیں اگر دیسی کیکر کا قہوہ،یا پھر بوہڑ۔ارجن وغیرہ کی چھال دستیاب ہوتو قہوہ بناکر استعمال کرسکتے ہیں۔میٹھا نہ چھوڑیں کم از کم آم ضرور کھائیں۔ انناس۔ناریل ،کا استعمال رکھ سکتے ہیں۔
باقی جو بھی حالات ہوں آگہ رکھئے گا۔اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو
متمنی دعا۔حکیم المیوات قاری محمد یونس شاہد میو
سعد طبیہ کالج برائے فروغ طب نبویﷺ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
3
